ملازمت سے محرومی کی دھمکی افسوسناک، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ اور ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس کمیٹی پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ بلیک میلنگ کا رویہ اختیار کررہے ہیں۔ ملازمت سے محرومی کی دھمکی دے کر ہڑتال ختم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر ورکرس کے جائز مطالبات کو نظرانداز کرتے ہوئے اور ان کی حق تلفی کرتے ہوئے ڈکٹیٹر شپ کررہے ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ کے سی آر نے کئی وعدے کئے تھے اور ملازمین ان ہی وعدوں پر عمل آوری کا مطالبہ کررہے ہیں۔ پونم پربھاکر نے ملازمتوں سے برطرف کرنے کی دھمکی کو غیرجمہوری قرار دیا اور کہا کہ جمہوریت میں ملازمین کو اپنے مطالبات کیلئے احتجاج کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تائید آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ تحریک کے دوران آر ٹی سی ملازمین کی ستائش کی تھی کیونکہ آر ٹی سی ہڑتال کے سبب تحریک میں شدت پیدا ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آج ان ہی ملازمین کو برطرف کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ دسہرہ اور بتکماں تہواروں کے موقع پر عوام کو جو بھی دشواریاں ہوں گی اس کے لئے حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کو سرکاری ملازمین کے مماثل درجہ دینے اور آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس پارٹی آر ٹی سی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے رویہ کے سبب آر ٹی سی ملازمین ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہڑتال کی آڑ میں آر ٹی سی کو خانگیانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ جس طرح آندھرا پردیش میں آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کیا گیا اسی طرح تلنگانہ میں بھی فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے بغیر حضور نگر میں عوام سے ووٹ مانگنا مضحکہ خیز ہے۔ پونم پربھاکر نے حضور نگر میں کل کے ٹی آر کے روڈ شو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سرکاری مشنری کو ایک اسمبلی حلقہ میں جھونک دیا ہے۔ کے ٹی آر یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ ٹی آر ایس کی کامیابی ترقی کی ضامن ہوگی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حضور نگر میں کانگریس کی کامیابی سے جمہوریت کو استحکام حاصل ہوگا۔ ٹی آر ایس کی کامیابی سے عوام پر قرض کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر کی ترقی کو حکومت کی جانب سے نظرانداز کردیا گیا اور جو بھی ترقیاتی اقدامات کئے گئے وہ کانگریس دور حکومت کے ہیں۔ کے ٹی آر عوام کو دوبارہ جھوٹے وعدوں کے ذریعہ گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔