کے سی آر پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ دہی کا شکار ہوگیا،ریونت ریڈی میرے چھوٹے بھائی جیسا ہے، سابق وزیر ایم نرسمہلو

   

حیدرآباد ۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر این نرسمہلو نے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے گھر کوئی دلت پہنچتا ہے وہ اپنے گھر کو گائے کے پیشاب سے دھلاتے ہیں۔ چیف منسٹر کی دعوت پر وہ بی آر ایس میں شامل ہوئے تھے، لیکن مجھے دور رکھا گیا ہے۔ چھ ماہ سے ملاقات کیلئے وقت نہ دیتے ہوئے میری توہین کی جارہی ہے۔ وہ این ٹی آر اور چندرا بابو نائیڈو جب چیف منسٹر تھے تب ان سے راست ملاقات کیا کرتے تھے۔ کے سی آر پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ دہی کا شکار ہوگیا ہوں۔ ایم نرسمہلو نے کہا کہ تلنگانہ کے 30 اسمبلی حلقوں میں آندھراپردیش سے آنے والے عوام کا کسی کی بھی جیت ہار میں اہم رول ہوتا ہے۔ اگر چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری پر چیف منسٹر کے سی آر ردعمل کا اظہار نہیں کرتے ہیں تو بی آر ایس کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی ان کے چھوٹے بھائی کے برابر ہے۔ ان کی وجہ سے تلنگانہ میں کانگریس مضبوط و طاقتور ہوئی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری کی ایم نرسمہلو نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ آندھراپردیش میں چیف منسٹر جگن موہن ریڈی دلتوں کے ووٹوں سے محروم ہوجائیں گے۔ سیاسی مفاد پرستی کیلئے جھوٹے الزامات کے تحت تلگودیشم کے قومی سربراہ و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو جیل منتقل کیا گیا۔ منظم سازش کے تحت چندرا بابو نائیڈو کی شریک حیات بھونیشوری کے ساتھ بہو برہمنی کو جیل بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ن