کے سی آر پر شخصی تنقید کرنے والوں کی زبان کاٹ دی جائے گی : کے ٹی آر

   

Ferty9 Clinic

ریاست کا موجودہ مالی موقف چیف منسٹر کا نااہلی کا ثبوت، بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 6 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے خلاف شخصی تنقیدیں کرنے والوں کی زبان کاٹ دینے کا انتباہ دیا۔ ریاست کا موجودہ مالی موقف چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے مزید کہاکہ چیف منسٹر کا مالی موقف پر تبصرہ ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے۔ ریاست کا مالی موقف کمزور ہورہا ہے لیکن چیف منسٹر کے ارکان خاندان کا مالی موقف مضبوط ہورہا ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں صرف 4 لاکھ 17 ہزار کروڑ کا قرض حاصل کیا گیا تھا لیکن کانگریس کے 17 ماہ کے دور حکومت میں ایک لاکھ 60 ہزار کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا گیا۔ کانگریس حکومت میں فضول خرچی پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ چیف منسٹر اب تک 43 مرتبہ دہلی کا دورہ کرچکے ہیں لیکن دہلی سے 43 روپئے بھی حاصل نہیں ہوئے۔ ریاستی وزراء شیئرنگ آٹو کی طرح ہیلی کاپٹر میں سفر کررہے ہیں جس سے ریاست کے خزانہ پر غیر ضروری مالی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ تلنگانہ رائزنگ، فیوچر سٹی، موسیٰ ندی کی ترقی کے علاوہ ڈھیر سارے وعدے کرتے ہوئے عوام کی توجہ اصل موضوعات سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات کے دوران 6 ضمانتوں کے ساتھ مزید 420 وعدے کئے تھے، اِن وعدوں کو پورا کرنے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ مس ورلڈ مقابلوں کے انعقاد کے لئے 2 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں مگر غریب عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے اُنھیں نظرانداز کیا جارہا ہے۔ طلبہ کو طویل عرصہ سے فیس ری ایمبرسمنٹ اسکالرشپ جاری نہیں کی گئی۔ دلہنوں کو ایک تولہ سونا تحفے میں دینے کا وعدہ بھی اب تک پورا نہیں کیا گیا۔ خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی مالی امداد دینے کا وعدہ کیا گیا اُس کو بھی فراموش کردیا گیا۔ کالج کی لڑکیوں کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کیا گیا جسے بھلادیا گیا۔ ایک بھی وعدہ پورا نہ کرنے کے باوجود مالی موقف کمزور ہونے کا چیف منسٹر نے اعتراف کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو مایوس کردیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ ریاست میں آئندہ جب بھی انتخابات ہوں گے بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے حکومت تشکیل دے گی۔ ریاست کے مالی موقف کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں خوشحالی لائے گی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ گزشتہ 17 ماہ سے چیف منسٹر کے علاوہ ریاستی وزراء، کانگریس قائدین کے سی آر کے خلاف شخصی تنقیدیں کررہے ہیں جس کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر آئندہ اِس طرح کی بیان بازی کی جائے گی تو اُن کی زبان کاٹ دی جائے گی۔2