کے سی آر پولیس کی گاڑیوں کے ذریعہ کورونا پھیلا رہے ہیں

   

Ferty9 Clinic

سینیٹائز کئے بغیر قائدین کی گرفتاری، بھٹی وکرمارکا کا الزام
حیدرآباد: سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر اپوزیشن قائدین کو کورونا کا شکار بنانے کی سازش کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کے سی آر اقتدار کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو کورونا سے متاثر کرنے کیلئے پولیس اسٹیشن اور پولیس کی گاڑیوں کو سنیٹائز کئے بغیر کانگریس قائدین کو منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر سیاسی حریفوں کو کورونا کا شکار ہونے کی بددعا دے رہے ہیں۔ عوامی مسائل پر احتجاج کرنے والے قائدین کو مقدمات کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے شکایت کی کہ پولیس اسٹیشن اور پولیس کی گاڑیوں کو سنیٹائز کئے بغیر کانگریس قائدین کو منتقل کرنے سے کورونا کا شکار ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں سے قبل پولیس کی گاڑیوں کو سنیٹائز کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کو خوفزدہ کرنے کیلئے کے سی آر کی حکمت عملی ہے تاکہ وائرس کا شکار ہوکر اپوزیشن احتجاج کا راستہ ترک کردے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اگر اپوزیشن کو کورونا وائرس سے نقصان ہوتا ہے تو اس کے لئے کے سی آر اور ڈی جی پی مہیندر ریڈی ذمہ دار ہیں۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے گاڑیوں کو سینیٹائز کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی پرانی گاڑیوں میں سوار ہونے سے گریز کریں۔ بھٹی وکرمارکا نے کرناٹک اور مدھیہ پردیش کے بعد راجستھان کی عوامی منتخب حکومت کے خلاف سازش کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گوا اور منی پور میں بی جے پی نے غیر دستوری طریقہ سے اقتدار حاصل کیا ہے۔ گورنر راجستھان کو منتخب حکومت کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ حکومت کی اپیل کو گورنر نظر انداز نہیں کرسکتے۔ لہذا انہیں اسمبلی کا اجلاس فوری طلب کرنا چاہئے۔