lکے ٹی آر اور ہریش راؤ کے نام امکانی وزراء میں شامل نہیں l ای راجندر اور ٹی سرینواس کی وزارت میں شمولیت یقینی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی کابینہ میں توسیع کے تعلق سے کی جارہی تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے بتایا جاتا ہے کہ کل شام 4 بجے کابینہ میں توسیع کریں گے اور 8 ارکان کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا ۔ جن ارکان اسمبلی کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔ ان میں ای راجندر ، ٹی سرینواس یادو ، جگدیشور ریڈی ، ریڈیا نائک ، پدما دیویندر ریڈی ، ای دیاکر راؤ ، کے ایشور اور نرنجن ریڈی شامل ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 7 دسمبر کو ہوئے انتخابات میں 11 دسمبر کو شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 13 دسمبر 2018 کو عہدہ چیف منسٹری کا حلف لیا تھا ۔ اس موقع پر انہوں نے کابینہ میں صرف محمد محمود علی کو شامل کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا تھا ۔ اب جب کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کے حلف لیے 55 دن ہوچکے ہیں کابینہ میں توسیع کا اشارہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے اپنے ناقدین کو خاموش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی ان پر کابینہ تشکیل دینے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے سارے ملک میں ایک ریکارڈ بنانے سے متعلق طنز کیا تھا ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کل اتوار کو ہندوؤں کا مبارک دن ہے اور ماہر نجوم اور پنڈتوں نے اس دن کابینہ میں توسیع کا مشورہ دیا ۔ ان ہی کے مشوروں کے مطابق کے سی آر کابینہ میں توسیع کررہے ہیں ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ تیسرے مرحلہ کی توسیع لوک سبھا انتخابات کے بعد کی جائے گی ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس مرتبہ کابینہ میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو شامل نہیں کئے جانے کا امکان ہے اور ان دونوں قائدین کی خدمات سے پارٹی کو مستحکم کرنے اور پارلیمانی انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیابی دلانے کیلئے استفادہ کیا جائیگا ۔۔