کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار کا سنسنی خیز الزام، کانگریس کے تمام امیدوار وفادار
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت تشکیل دے گی۔ چیف منسٹر کے سی آر پر کانگریس کے کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کرنے کا سنسنی خیز الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ تلنگانہ کانگریس میں ٹربل شوٹر کا اہم رول ادا کرنے والے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیاب ہورہی ہے اور 9 ڈسمبر کو کانگریس حکومت تشکیل دے گی جس کا ہمیں پورا یقین ہے۔ عوام نے تبدیلی کو ووٹ دیا ہے۔ تمام سروے اوپنین پول اور ایگزٹ پول کانگریس کے حق میں آئے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس نے اپنے تمام امیدواروں سے رابطہ پیدا کیا ہے۔ رائے دہی تناسب کا بوتھ سطح پر جائزہ لیا گیا ہے جس کے بعد یہ واضح ہوگیا ہیکہ کانگریس بھاری اکثریت سے تنہا حکومت تشکیل دیگی۔ اقتدار سے محرومی کے اشارے ملنے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر جوڑجوڑ کی حکومت تشکیل دینے سرگرم ہوگئے ۔ خود چیف منسٹر کے سی آر نے کانگریس کے امکانی کامیاب امیدواروں سے فون پر رابطہ کرکے انہیں خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ کانگریس کے امیدواروں نے خود انہیں اس بات کی اطلاع دی ہے مگر چیف منسٹر کے سی آر کی سازش ناکام ہوجائے گی۔ کانگریس کے تمام امیدوار وفادار اور ایماندار ہے۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی کا بنگلور میں کیمپ کرنے کے سوال کو بھی شیو کمار نے مسترد کردیا اور کہا کہ اس کی ضرورت نہیں پڑیگی۔ تمام ارکان اسمبلی کانگریس کے ساتھ رہیں گے۔ن