کے سی آر کا تعلق تلنگانہ سے نہیں: پونالہ لکشمیا

   

وزارت کیلئے تلنگانہ کا نعرہ، ریاست کی تشکیل کے بعد عوام سے ناانصافی
حیدرآباد۔21 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کو تلنگانہ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے متحدہ آندھراپردیش میں وزارت نہ ملنے پر تلنگانہ کا نعرہ لگایا اور عوام کے جذبات کو مشتعل کرتے ہوئے تحریک میں شدت پیدا کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لکشمیا نے کہا کہ کے سی آر آج تلنگانہ عوام کے جائز حقوق ادا کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین اور دیگر سرکاری ملازمین نے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا جس کے نتیجہ میں کے سی آر آج چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ علحدہ ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر نے آر ٹی سی ملازمین سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ پونالہ لکشمیا نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کو تین دن میں دوسری مرتبہ گھروں میں نظربند کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ تحریک کے دوران کانگریس حکومت اسی طرح کا رویہ اختیار کرتی تو علحدہ ریاست کا قیام ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد کے سی آر نے صرف آر ٹی سی ملازمین کو نہیں بلکہ سماج کے ہر طبقہ کو دھوکہ دیا ہے۔ تلنگانہ تحریک اور پھر انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے تھے ، انہیں فراموش کردیا گیا ۔ انہوں نے دیگر سرکاری ملازمین ، طلبہ اور نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کریں۔ گورنر اور ہائی کورٹ کی جانب سے ہدایات کو حکومت نے نظراندز کردیا ہے۔ گورنر کا عہدہ دستوری ہے اور حکومت ان کی ہدایات کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔ پونالہ لکشمیا نے کہا کہ چیف منسٹر کا تعلق تلنگانہ سے نہیں ہے، ان کے دادا ، پردادا تلنگانہ سے تعلق نہیں رکھتے اور کے سی آر بھی تلنگانہ کے فرد نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی مسئلہ کی یکسوئی تک احتجاج جاری رہے گا۔