دختر کی ایم بی بی ایس اور پھر پی جی کی تکمیل کیلئے مالی مدد، افراد خاندان سے ملاقات
حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک کے دوران جان کی قربانی دینے والے پولیس کانسٹبل کشٹیا کے افراد خاندان کی مالی مدد کی اور دختر کو ایم بی بی ایس کی تکمیل کے بعد ایم ڈی کورس کی تکمیل کے لئے مالی تعاون کا بھروسہ دلایا۔ پولیس کانسٹبل کشٹیا نے تلنگانہ تحریک کے دوران اپنی جان قربان کردی تھی اور اس وقت کے سی آر نے خاندان کی مدد کرنے کا بھروسہ دلایا تھا۔ کے سی آر نے کشٹیا کی دختر کی تعلیم کے مکمل اخراجات برداشت کئے۔ کشٹیا کی اہلیہ نے افراد خاندان کے ہمراہ آج کے سی آر سے ایراولی میں واقع فارم ہاوس میں ملاقات کی۔ کشٹیا کی دختر پرینکا کی تعلیم کے لئے کے سی آر نے مالی مدد فراہم کی تھی اور انہوں نے ایم بی بی ایس کی تعلیم میں دلچسپی دکھائی جس پر کے سی آر نے ایم بی بی ایس کے اخراجات ادا کئے۔ پرینکا نے ایم بی بی ایس کے بعد پی جی کورس کی تکمیل کا ارادہ ظاہر کیا جس پر کے سی آر نے اس کورس کے لئے درکار مالی مدد حوالہ کی۔ کے سی آر نے افراد خاندان کی صورتحال اور بچوں کی تعلیم کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا کی تعلیم کی تکمیل تک وہ امداد جاری رکھیں گے۔ کشٹیا کے افراد خاندان نے کے سی آر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی ہے۔ 1