کے سی آر کا دورہ دہلی بے فیض ثابت ہوا

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، دھان کی عدم خریدی سے کسان مشکلات میں
حیدرآباد۔25۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کسانوں کے مسئلہ پر ٹی آر ایس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں پارٹیاں کسانوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز اور ریاست ایک دوسرے پر تنقید کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ دراصل دونوں حکومتوں کو کسانوں کے تحفظ میں کوئی دلچسپی نہیں ۔ کسان دھان کی خریدی کیلئے مراکز پر عہدیداروں کا انتظار کر رہے ہیں اور دھان خراب ہورہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ دہلی کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ۔ مرکز نے تلنگانہ سے دھان کی خریدی پر کوئی تیقن نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کی جدوجہد میں شامل رہے گی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کسان نقصانات کے سبب خودکشی پر مجبور ہورہے ہیں۔ فصلوں کو نقصان کے علاوہ دھان کی خریدی سے انکار کے نتیجہ میں کسان معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ مرکز کے خلاف جنگ کا اعلان کرنے والے کے سی آر اچانک خاموش ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میچ فکسنگ کے ذریعہ کسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ دورہ دہلی کی تفصیلات سے عوام کو آگاہ کریں۔ تین دن قیام کے دوران مرکز سے دھان کی خریدی کے سلسلہ میں واضح تیقن حاصل کرنے میں چیف منسٹر ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسانوں کی جدوجہد میں کانگریس پارٹی ہمیشہ شامل رہے گی۔ ر