حیدرآباد:کانگریس رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اتوار کو تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ریموٹ کنٹرول وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس ہے۔ ریاست کی حکمراں جماعت بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیتے ہوئے راہل گاندھی نے اس کا نام بدل کر ‘بی جے پی رشتہ دار پارٹی’ رکھ دیا۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ راؤ اور ان کی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے الزامات نے انہیں (بی آر ایس) کو بی جے پی کے سامنے جھکنے پر مجبور کیا ہے۔ گاندھی نے کہا کہ انہوں نے دیگر تمام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے کہا ہے کہ کانگریس ایسی کسی بھی گروپ بندی میں شامل نہیں ہوگی جہاں بی آر ایس ہوگی۔