کے سی آر کا مستقبل میں جیل جانا یقینی: سمپت کمار

,

   

عوامی رقومات کا سیاسی اغراض کے لیے استعمال، اسمبلی اجلاس کے طریقہ کار پر تنقید
حیدرآباد۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی سمپت کمار نے کہا کہ مستقبل میں کے سی آر کا جیل جانا طئے ہے کیونکہ ان کے اقتدار میں بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کا راج ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ کے سی آر اسمبلی کو اپنے خاندان کی طرح نمٹ رہے ہیں اور اصول و قواعد کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے انعقاد کے سلسلہ میں کے سی آر حکومت کا طریقہ کار غیر دستوری ہے۔ ریاست میں زرعی شعبہ کو مکمل نظر انداز کیا گیا اور عوامی رقومات کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ لہذا مستقبل میں کے سی آر کے لئے جیل جانا یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی عوامی مسائل پر مباحث اور ان کا حل تلاش کرنے کیلئے ہوتی ہے لیکن کے سی آر اسمبلی اجلاس اپنی پسند کے قوانین منظور کرنے کیلئے طلب کرتے ہیں۔ 18 اور 19 جولائی کو طلب کردہ اجلاس محض میونسپل ایکٹ کی منظوری کیلئے ہے، حالانکہ ریاست میں عوام کو کئی ایک مسائل درپیش ہے لیکن کے سی آر ان پر مباحث نہیں چاہتے۔ سمپت کمار نے کہا کہ کے سی آر اپنی قیامگاہ میں لئے گئے فیصلوں کو اسمبلی میں منظور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے میونسپل ایکٹ میں کیا ہے ، اس سے صرف کے سی آر کے ارکان خاندان واقف ہیں۔ ریاستی وزراء کابینہ کے اجلاس میں بل پر دستخط کرنے کیلئے پابند ہیں اور وہ بل کے بارے میں کوئی سوال نہیں کرسکتے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ زرعی شعبہ کو نظر انداز کرنے کے نتیجہ میں کسان مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک عمل آوری نہیں کی گئی۔

اسی طرح رعیتو بندھو اسکیم کی امدادی رقم کسانوں کو جاری نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر عوامی رقومات کے سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ لہذا ان کا جیل جانا طئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تھائی لینڈ کے وزیراعظم کا حشر ہوا ، وہی حشر کے سی آر کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل کسانوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے قرض معافی کا اعلان کیا گیا لیکن حکومت کی تشکیل کے بعد وعدہ کو فراموش کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو صرف الیکشن اور اقتدار کی فکر لاحق ہے، انہیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ سمپت کمار نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں توسیع کرتے ہوئے کئی ایک عوامی مسائل پر بحث کی جاسکتی ہے۔