کے سی آر کا میں احترام کرتا ہوں: اے گاندھی

   

کوشک ریڈی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے صدرنشین اے گاندھی نے رکن اسمبلی کوشک ریڈی پر علاقائی اختلافات کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا۔ رکن اسمبلی اے گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کوشک ریڈی نے سٹلرس کے خلاف بیان دیتے ہوئے بی آر ایس کی تائید کرنے والے سٹلرس کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی گزشتہ دو دنوں سے غیر ضروری ڈرامہ بازی کرکے حیدرآباد کے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشک ریڈی کا بی آر ایس میں کوئی عہدہ نہیں اور انہیں مجھ سے بات کرنے کا کوئی حق نہیں۔ گاندھی نے کہا کہ بی آر ایس میں کوئی بھی قائد ایسا نہیں جو مجھ سے بات کرنے کی ہمت کرے۔ انہوں نے بی آر ایس قیادت سے سوال کیا کہ کیا کوئی قائد مجھ سے بات کرنے کا اہل نہیں جو کوشک ریڈی کو ذمہ داری دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ کوشک ریڈی نے خواتین و سٹلرس کے خلاف بیان دیا اور کے سی آر کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ اے گاندھی نے کہا کہ وہ پارٹی سربراہ کے سی آر کا احترام کرتے ہیں اور کے سی آر نے انہیں مناسب مقام دیا ہے لیکن کوشک ریڈی جیسے قائدین سے بی آر ایس کا امیج متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر کو چاہئے کہ کوشک ریڈی پر کنٹرول کریں۔ انہوں نے کہا کہ شیر لنگم پلی کے عوام میرے ساتھ ہیں اور کوشک ریڈی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بی آر ایس رکن اسمبلی برقرار ہیں۔ 1