افواہوں کو تقویت دینے کے بجائے عوام کے درمیان وزراء کو یادداشتیں پیش کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو کانگریس کے بچھائے ہوئے جال میں نہ پھنسنے کا مشورہ دیتے ہوئے چیف منسٹر سے علحدگی میں ملاقات کرنے کے خلاف انتباہ دیا ۔ عوامی مسائل اور اسمبلی حلقوں کے مسائل پر وزراء سے عوام کی موجودگی میں ملاقات کرتے ہوئے افواہوں کو پھیلنے نہ دینے کا مشورہ دیا ۔ اسمبلی انتخابات کے بعد کولہے کی سرجری اور 6 ہفتوں تک آرام کرنے کے بعد آج کے سی آر نے پارٹی کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل اور پارٹی کے اہم قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ سیاسی حالات کا جائزہ لیا اور لوک سبھا انتخابات کے لیے مستقبل کی حکمت عملی کے تعلق سے مشورے دئیے اور ساتھ ہی ارکان اسمبلی بالخصوص پہلی مرتبہ منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کو احتیاط سے کام کرنے ، کانگریس کے بچھائے ہوئے جال میں نہ پھنسنے کا مشورہ دیا ۔ حالیہ دنوں میں چند ارکان اسمبلی کی عوامی مسائل پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کی گئی ملاقات پر پیدا ہوئی غلط فہمی اور گشت کرنے والی افواہوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تنازعات سے بچنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اسمبلی حلقوں کی ترقی اور دیگر مسائل پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی عوام کی موجودگی میں وزراء کو یادداشت پیش کریں ۔ اگر پارٹی کے ارکان اسمبلی چیف منسٹر سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو اس کی پیشگی پارٹی کے ذمہ داروں کو اطلاع دیں اس کے بعد ملاقات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے ہیں اس کو پارلیمنٹ انتخابات تک عمل کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتے رہیں گے ۔ کانگریس حکومت کی ان ٹال مٹول پالیسیوں کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا ۔ کانگریس کے چند قائدین بی آر ایس کو دفن کردینے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ بی آر ایس کے قائدین ایسی دھمکیوں کو عوامی عدالت میں پیش کریں ۔۔ 2