کے سی آر کا پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس

   

بی سی تحفظات ، مقامی اداروں کے انتخابات دیگر مسائل پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر اپنی توجہ مرکوز کردی ہے ۔ فارم ہاوز پر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کے علاوہ پارٹی کے دیگر اہم قائدین کو طلب کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ پارٹی کے قائدین کو تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اجلاس میں بی سی طبقات کے 42 فیصد تحفظات ، مقامی اداروں کے انتخابات ، آندھرا پردیش میں تعمیر کئے جانے والے بنکا چرلہ پراجکٹ ، تلنگانہ سے پانی کے معاملے میں ہونے والی نا انصافی ، کسانوں اور زرعی شعبہ کے مسائل پر عوام کے درمیان پہونچنے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی ۔ ریاست کے مجوزہ مقامی اداروں کے انتخابات اور بی سی طبقات کے 42 فیصد تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ریاست میں تازہ سیاست بی سی تحفظات کے اردگرد گھومنے کے پیش نظر بی آر ایس کی جانب سے 8 اگست کو ضلع کریم نگر میں بی سی جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سی ایم رمیش کی جانب سے تازہ طور پر لگائے گئے الزامات پر بھی اجلاس میں غور و خوص کیا گیا ۔ اس طرح کے الزامات کا منھ توڑ جواب دینے کی کے سی آر نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی ۔۔ 2