ریاستی وزراء نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا 25 نومبر کو سکندرآباد کے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس سلسلے میں وزیر ٹی سرینواس یادو اور پولیس عہدیدار نے سکندرآباد پولیس پریڈ گراؤنڈ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر 25 نومبر بروز ہفتہ اس جلسہ عام میں کچھ اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے اور تلنگانہ میں جاری فلاحی اسکیموں کو 3 ڈسمبر کے بعد بھی جاری رکھنے کے ضمن میں مخاطب کریں گے۔ عوام میں یہ تجسس پایا جارہا ہے کہ کے سی آر آخر کیا کیا اعلان کریں گے ۔ قبل ازیں بھی بی آر ایس کی جانب سے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام منعقد کرنے کی کوشش کی جارہی تھی لیکن اجازت نہ دیئے جانے کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا، لیکن اس بار جلسہ کی اجازت ملنے پارٹی عظیم الشان پیمانے پر جلسہ منعقد کرنے کی تیاری کررہی ہے۔