کے سی آر کو جگن موہن ریڈی سے سیکھنا چاہئے : جیون ریڈی

   

Ferty9 Clinic

خسارہ بجٹ کے باوجود جگن نے ملازمین کو عبوری راحت دی، تلنگانہ میں وعدے نامکمل
حیدرآباد۔22 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جیون ریڈی نے کہا کہ روزگار کی فراہمی ، وظائف اور سرکاری ملازمین کے مسائل کے سلسلہ میں کے سی آر کو چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی سے سیکھنا چاہئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ بلدی انتخابات کے پیش نظر پینشن کی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے استفادہ کنندگان کو ابھی تک وظائف جاری نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کے سلسلہ میں حکومت نے ابھی تک اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں نوجوانوں نے اہم رول ادا کیا تھا اور کے سی آر نے انہیں روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا لیکن گزشتہ پانچ برسوں میں اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مخلوعہ جائیدادوں پر برائے نام تقررات کئے گئے۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الاؤنس دیئے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک اس کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری نہیں ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں خسارہ بجٹ کے باوجود سرکاری ملازمین کیلئے 27 فیصد پی آر سی کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے خلاف اظہار خیال کرنے والے ملازمین پر بدعنوانی کا لیبل لگاتے ہوئے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کے سی آر کے سامنے بچے کی طرح ہیں۔ لیکن ان کے اقدامات سے کے سی آر کو سیکھنے کی ضرورت ہے۔