کے سی آر کو زبردست جھٹکہ، 6 ارکان کونسل کی کانگریس میں شمولیت

   

مزید 6 ارکان قطار میں، کونسل میں کانگریس اکثریت کی طرف گامزن، ریونت ریڈی نے پارٹی میں استقبال کیا
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کی سیاست میں روزانہ نئی تبدیلیاں دیکھی جارہی ہیں۔ 10 برسوں تک اقتدار میں رہنے والی بی آر ایس کو اپوزیشن میں آتے ہی بحران کا سامنا ہے۔ پارٹی کے ارکان اسمبلی اور کونسل تیزی سے کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ گزشتہ رات دیر گئے بی آر ایس کو اُس وقت شدید جھٹکہ لگا جب اُس کے 6 ارکان قانون ساز کونسل نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی رات دیر گئے نئی دہلی سے واپسی کے بعد اُن کی قیامگاہ پر بی آر ایس کے ارکان کونسل کو کھنڈوا پہنایا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپاداس منشی نے بی آر ایس ارکان کونسل کا کانگریس میں استقبال کیا۔ شمولیت اختیار کرنے والے ارکان کونسل میں ڈی وٹھل، بھانو پرساد، ایم ایس پربھاکر، اے ملیش، بی دیانند اور بسواراج ساریا شامل ہیں۔ 6 ارکان کے انحراف کے بعد 40 رکنی قانون ساز کونسل میں کانگریس ارکان کی تعداد بڑھ کر 12 ہوچکی ہے۔ ڈی وٹھل عادل آباد ضلع سے مجالس مقامی ایم ایل سی نشست پر منتخب ہوئے تھے۔ بھانو پرساد کریم نگر مجالس مقامی، ایم ایس پربھاکر رنگاریڈی مجالس مقامی نشست سے منتخب ہوئے ہیں۔ اے ملیش ایم ایل اے کوٹہ کے تحت کونسل کیلئے منتخب ہوئے جبکہ بی دیانند اور بسواراج ساریا گورنر کوٹہ کے تحت کونسل کیلئے منتخب ہوئے۔ حالیہ عرصہ میں بی آر ایس کے 6 ارکان اسمبلی بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس کے مزید 6 ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں اور ہائی کمان کی منظوری کے بعد اُنھیں شامل کیا جائے گا۔ 40 رکنی کونسل میں بی آر ایس ارکان کی تعداد گھٹ کر 19 ہوچکی ہے جبکہ کانگریس کے پاس 12 ارکان ہیں۔ کونسل میں سرکاری بلز کی منظوری کیلئے کانگریس کو اکثریت درکار ہے۔ اگر مزید 6 تا 8 ارکان کونسل کانگریس میں شامل ہوتے ہیں تو کونسل میں کانگریس کو اکثریت حاصل ہوجائے گی۔ بی آر ایس نے صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن انحراف کے تسلسل سے یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکتا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی قانون ساز اسمبلی اور کونسل دونوں ایوانوں میں پارٹی کی عددی طاقت میں اضافہ کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس کے ارکان کونسل نے دوبارہ نامزد کئے جانے کی شرط پر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کانگریس کے ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید ارکان اسمبلی اور کونسل کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کے 2 ارکان کونسل پی مہیندر ریڈی اور کے دامودھر ریڈی لوک سبھا چناؤ سے قبل کانگریس میں شریک ہوئے تھے۔ کانگریس کے 4 ارکان کونسل ہیں جن میں جیون ریڈی، بی وینکٹ، مہیش کمار گوڑ اور تین مار ملنا شامل ہیں۔ بی وینکٹ اور مہیش کمار گوڑ ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت منتخب ہوئے جبکہ تین مار ملنا حال ہی میں گریجویٹ نشست سے منتخب ہوئے ہیں۔ 1