کے سی آر کو عوام سے زیادہ خاندان کی بھلائی میں دلچسپی : بھٹی وکرامارکا

   

سرکاری دواخانوں کی ابتر صورتحال، کانگریس قائدین کے ساتھ دواخانوں کا دورہ

حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی قائد بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کو عوام کی بھلائی سے زیادہ خاندان کی بھلائی میں دلچسپی ہے۔ ریاست میں وبائی امراض سے لاکھوں خاندان پریشان ہیں لیکن کے سی آر سرکاری دواخانوں کی حالت بہتر بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ بھٹی وکرامارکا نے آج پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ کریم نگر میں مختلف سرکاری دواخانوں کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے وبائی امراض کے سلسلہ میں فراہم کی جارہی طبی سہولتوں کے بارے میں ڈاکٹرس اور مریضوں سے دریافت کیا۔ مریضوں نے بتایا کہ دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور ادویات کے علاوہ ڈاکٹرس کی کمی کے نتیجہ میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے سرکاری دواخانوں کی حالت کو انتہائی ابتر قرار دیا اور کہا کہ 500 بستروں پر مشتمل سرکاری ہاسپٹل میں مریضوں کی کثرت کے سبب بیڈز کی کمی ہوچکی ہے۔ بچوں کے وارڈز میں بستروں اور بیڈ شیٹس کی کمی ہے۔ مریضوں کو باہر سے ادویات خریدنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر صحت نے آج تک جائزہ اجلاس منعقد نہیں کیا۔ بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ ارکان مقننہ ڈی سریدھر بابو ، ٹی جیون ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر، صدر ضلع کانگریس کمیٹی کے مرتنجیم اور دیگر سینئر قائدین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر میں موجودہ ہاسپٹل کو توسیع دینے کی ضرورت ہے۔ دواخانہ کے معائنہ کے دوران ڈاکٹروں کی کمی دیکھی گئی۔ کانگریس دور حکومت میں سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی تھی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے گزشتہ 5 برسوں میں سرکاری دواخانوں کو طبی سہولتوں سے عاری کردیا۔ کانگریس نے آروگیہ سری اسکیم کا آغاز کیا تھا جسے کے سی آر نے بند کردیا ہے۔ کارپوریٹ ہاسپٹلس کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کے سبب غریبوں کا علاج بند ہوچکا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وزیر صحت جس ضلع سے تعلق رکھتے ہیں اسی ضلع میں عوام طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔