کے سی آر کو ناقدین کی پرواہ کئے بغیر کام کرنے نتیش کمار کا مشورہ

,

   

عوام آپ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، حیدرآباد سے قریبی رشتہ، پٹنہ میں تقریب سے دونوں چیف منسٹرس کا خطاب
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو ملک کی تاریخ کا منفرد قائد قرار دیا اور کہا کہ بعض گوشوں سے کے سی آر کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن بیانات دیئے جارہے ہیں۔ پٹنہ میں شہید فوجی جوانوں اور متوفی بہاری مزدوروں کے افراد خاندان میں امدادی چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے تلنگانہ جدوجہد اور ریاست کی ترقی کے حوالے سے کے سی آر کی زبردست تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو آپ کو جانتے نہیں غلط باتیں کہہ رہے ہیں۔ آپ ان تنقیدوں کی پرواہ نہ کریں اور خود اعتمادی کو کھوئے بغیر مزید جذبہ کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔ نتیش کمار نے کہا کہ آپ کے ساتھ تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ آپ کی جدوجہد کے نتیجہ میں علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی۔ ملک کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ہے جہاں جدوجہد کے ذریعہ ریاست حاصل کی گئی ہو۔ آپ واحد قائد ہیں جنہوں نے علیحدہ ریاست کو حاصل کیا۔ آپ ایک عظیم قائد ہیں۔ بعض افراد غلط بیان بازی کررہے ہیں ان کی تنقیدیں غیرضروری ہیں۔ تلنگانہ عوام آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور آپ کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آپ ریاست کی ترقی کے کام پر پوری طاقت کے ساتھ بھرپور توجہ دیں۔ نتیش کمار نے تلنگانہ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید فوجی جوانوں اور متوفی مزدوروں کے خاندانوں کو امداد کی فراہمی قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران تلنگانہ حکومت نے بہاری مزدوروں کیلئے خصوصی ٹرین کا انتظام کیا تھا جو چیف منسٹر کی فراخدلی کو ظاہر کرتا ہے۔ کسی بھی دوسری ریاستی حکومت نے مائیگرنٹ ورکرس کیلئے تلنگانہ کی طرح اقدامات نہیں کئے۔ 2001 سے کے سی آر علیحدہ تلنگانہ کی جدوجہد کرتے رہے اور اپنی زندگی کو خطرہ میں ڈال کر ریاست حاصل کی۔ عوام کے آشیرواد سے وہ چیف منسٹر منتخب ہوئے ہیں۔ نتیش کمار نے کہا کہ کے سی آر کا نام تاریخ میں ہمیشہ نمایاں رہے گا جنہوں نے غیرمعمولی جدوجہد کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مشن بھگیرتا کے تحت پینے کے پانی کی فراہمی کا حوالہ دیا اور کہا کہ تلنگانہ سے سیکھتے ہوئے بہار بھی بہت جلد پانی کے بحران کو حل کرلے گا۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے فنڈز میں کٹوتی پر تنقید کی اور کہا کہ اگر خصوصی موقف دیا جاتا تو بہار تیزی سے ترقی کرتا۔ مرکز نے ریاستوں کی ترقی کو فراموش کردیا ہے۔ حیدرآباد سے میرے قریبی روابط رہے ہیں اور حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ سارے ملک کو سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے تاکہ ان کا حوصلہ بلند ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں بہاری مزدور تلنگانہ کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے کورونا وباء کے دوران خصوصی ٹرینوں کی درخواست کو نظرانداز کردیا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے خصوصی ٹرینوں کے ذریعہ مزدوروںکو آبائی مقامات روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار ایک مقدس سرزمین ہے جہاں سے جئے پرکاش نارائن جیسے عظیم قائد تعلق رکھتے ہیں۔ تقریب کو ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔ر