کے سی آر کو ووٹ دینے پر مودی حکومت کو تقویت ملے گی

   

Ferty9 Clinic

ووٹ کا صحیح استعمال کریں، کانگریس امیدواروں کو کامیاب کریں، جڑچرلہ میں عمران پرتاپ گڑھی کا خطاب

جڑچرلہ /23 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جڑچرلہ ریلوے اسٹیشن روڈ پر واقع آر کے فنکشن ہال میں آج کانگریس پارٹی کے انتخابی جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس جلسہ کو ممبر آف راجیہ سبھا ایم پی و اے آئی سی سی میناریٹی چیرمین عمران پرتاپ گڑھی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں ۔ کیونکہ بی آر ایس حکومت ریاست بھر میں اپنی جھولی بھرنے میں مصروف ہے ۔ کے سی آر کے افراد دولت کو جمع کرنے میں مصروف ہیں ۔ دس سال کے عرصہ میں فلاحی اسکیمات عوام کے درمیان لاکر چند سیاسی قائدین ہی ان اسکیمات کا فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ عمران پرتاپ گڑھی نے اپنے مخاطبت میں بارہا دہراتے ہوئے کئی مثالوں کے ذریعہ حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام اگر کے سی آر کو ووٹ دیتے ہیں تو مودی حکومت کو تقویت دینے کی مماثل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ اپنے فرزند کو چیف منسٹر کی سیٹ پر بٹھانے کیلئے نریندر مودی وزیر اعظم کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ عوام کانگریس پارٹی کیلئے اپنا قیمتی ووٹ دیں گے تو کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی کامیاب ہوں گے اور آنے والے ایم پی الیکشن میں بھی کانگریس پارٹی کے منشور میں دئے گئے ضمانتوں کی عمل آوری پر 6 ضمانتوں پر مشتمل منشور میں دئے گئے ضمانت پر ضرور بہ ضرور عمل ہوگا ۔ کے سی آر ، نریندر مودی دونوں ملے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کے سی آر کے تمام جھوٹے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا جڑچرلہ حلقہ اسمبلی کے امیدوار کانگریس پارٹی سینئیر قائد انتخابی میدان میں انیرودھ ریڈی مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے جڑچرلہ کے عوام سے بالخصوص پرزور اپیل کی ۔ اس موقع پر محمد اسلم بہار کشن گنج ، محمد عبدالمنان بیدر کرناٹک ، محمد امیر ٹاملناڈو ، محمد عبدالستار مجاہد صدر مسلم لیگ نے بھی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔ اس جلسہ عام و انتخابی مہم اجلاس میں مرد و خواتین کا امنڈتا ہوا سروں کا سمندر نظر آرہا تھا ۔ فنکشن ہال تنگ دامنی کا شکوہ کر رہا تھا ۔اس جلسہ عام میں سید منہاج الدین صدر ٹاون جڑچرلہ ، محمد عبدالقیوم ضلع نائب پریسیڈنٹ کانگریس پارٹی نے جلسہ عام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے پروگرام کو کامیاب کروایا ۔