کے سی آر کو چھونا ریاست کی عزت و نفس کو چھیڑنے کے مترادف

   

تاریخ بنانے والے سابق چیف منسٹر پر کیچڑ اُچھالنا سورج پر تھوکنے جیسا : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے فون ٹیاپنگ معاملے میں ایس آئی ٹی کی جانب سے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو نوٹس جاری کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کو ٹچ کرنا ریاست کی عزت و نفس کو چھیڑنے کے مترادف ہوگا ۔ ہریش راؤ نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس ( ٹوئیٹر ) پر سخت لہجے میں ٹوئیٹ کیا اور کہا کہ تلنگانہ تحریک کے قائد کو چھونا دراصل پوری ریاست کی عزت و نفس کو چھونے کے مترادف ہے ۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی حکومت تعصب کے تحت تلنگانہ کے بابائے قوم اور کروڑوں عوام کے محبوب قائد کے خلاف سازشیں کررہی ہے جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ کے سی آر ایک عظیم رہنما ہے ۔ جنہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مرکزی رول ادا کیا اور بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کو ملک بھر میں نمایاں مقام دلایا ۔ ایسے تاریخی قائد پر کیچڑ اُچھالنا سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت سنگارینی کوئلہ اسکام میں اپنی انتظامیہ کے خلاف بڑھتی ہوئی عوامی مخالفت سے توجہ ہٹانے کے لیے ایس آئی ٹی کے نام پر نوٹس جاری کررہی ہے جو نچلی سیاست کی انتہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بلدی انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے ایک منظم منصوبہ بندی کے ذریعہ نوٹس جاری کی گئی ہے جو سیاسی دیوالیہ پن کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر وہ قائد ہیں جنہوں نے تاریخ رقم کی جب کہ ریونت ریڈی کی کوئی تاریخ نہیں ہے جس کی وجہ سے کے سی آر کی تاریخ کو داغدار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ نے خبردار کیا کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا اور تکبر اس سے بھی زیادہ خطرناک ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک موقع پر سارا تلنگانہ کے سی آر کے ساتھ کھڑا ہے ۔ کانگریس کی سیاسی ہراسانی سے بی آر ایس قیادت ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی بلدی انتخابات میں عوام کانگریس کو سبق سکھائیں گے ۔۔ 2