کورونا کے خوف سے عوام خانگی دواخانوں سے رجوع ہونے لگے ہیں
حیدرآباد۔تلنگانہ میں کورونا وائرس نے کے سی آر کٹس کے اثر کو کم کردیا ہے۔گذشتہ 5ماہ کے دوران سرکاری زچگی خانوں اور دواخانوں میں زچگیوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ خانگی دواخانوںمیں زچگیوں میں 2فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کے سی آر کٹ اسکیم کے اعلان کے بعد سرکاری دواخانوں میں زچگیوں میں اضافہ ہوا تھا اور ماہ مارچ میں ریاست میں مجموعی زچگیوں میں 63 فیصد زچگیاں سرکاری دواخانوں میں ہوئی تھیں لیکن گذشتہ ماہ کے اواخرتک کے اعداد و شمار کے مطابق اس میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اب یہ فیصد 57 تک محدود ہوگیا ہے۔محکمہ صحت کا کہناہے کہ ریاست میں کورونا دور میں زچگی خانوں کے عملہ کو کورونا کے خوف سے کئی شہریوں نے سرکاری دواخانوں کی بجائے خانگی دواخانوں کا رخ کیا ہے ۔ کورونا دور میں سرکاری دواخانوں کی منفی تشہیر کے سبب خانگی دواخانوں میں زچگی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ 5ماہ کے دوران سرکاری دواخانو ںمیں زچگیوں میں کمی کو صرف خانگی دواخانو ںمیں پورا نہیں کیا گیا بلکہ نواحی علاقوں و اضلاع میں گھریلو زچگیوں کے رجحان میں بھی اضافہ درج ہوا ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں 6فیصد کی کمی کے باوجود خانگی دواخانوںمیں 2 فیصد کا اضافہ درج ہوا ہے جبکہ 4 فیصد زچگیوں کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ 4 فیصد خواتین نے گھروں میں بچوں کو جنم دیا ہے۔