کے سی آر کٹ اسکیم کے متعارف کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز کی شرح میں اضافہ

   

13.29 لاکھ حاملہ خواتین کااستفادہ ،بینک کھاتوں میں
1176 کروڑ روپئے جمع، محکمہ صحت کی رپورٹ
حیدرآباد ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں کے سی آر کٹ اسکیم متعارف کرانے کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز کی شرح میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ کے سی آر کٹ اسکیم کے پانچ سال کی پیشرفت پر حکومت نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس پر محکمہ صحت نے بتایا کہ ہر سال کے سی آر کٹ کے لئے رجسٹریشن کرانے والی حاملہ خواتین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 13,29,951 لاکھ خواتین کو فائدہ پہنچایا گیا۔ 10.49 لاکھ خواتین نے کے سی آر کٹ حاصل کیا۔ تاحال استفادہ کنندگان کے بینک کھاتوں میں 1176 کروڑ روپئے جمع کئے گئے ہیں۔ سرکاری ہاسپٹلس میں زچگیوں کی تعداد بڑھانے کیلئے 2 جون 2017ء کو کے سی آر کٹ اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ اس اسکیم کے تحت لڑکی پیدا ہونے پر 13 ہزار اور لڑکے کی پیدائش پر 12 ہزار روپئے حکومت کی جانب سے ادا کئے جارہے ہیں۔ چار اقساط میں یہ رقم بینک کھاتوں میں جمع کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیلوری کے موقع پر 15 اقسام پر مشتمل اشیاء کی کٹ بھی فراہم کی جارہی ہے۔ اسکیم کے آغاز پر 5.55 لاکھ حاملہ خواتین نے اپنا رجسٹریشن کرایا تھا۔ سال 2020-21ء تک اس کی تعداد 6.34 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اسکیم کے آغاز کے سال سرکاری ہاسپٹلس میں 2.25 لاکھ ڈیلوریز ہوئے۔ جاریہ سال اس کی تعداد بڑھ کر 2.77 لاکھ تک پہنچ گئی۔ن