کے سی آر کیلئے چرلہ پلی جیل میں ڈبل بیڈ روم مکان تعمیر کیا جائے گا : ریونت ریڈی

   

ایک لاکھ کروڑ کی بدعنوانیاں، تلنگانہ میں کانگریس کی لہر، 3 اسمبلی حلقہ جات میں الیکشن ریالیوں سے خطاب
حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہاکہ کے سی آر خاندان کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت جیل جانا طے ہے اور کانگریس پارٹی برسر اقتدار آتے ہی کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی ہائی کورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرائے گی۔ کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ریونت ریڈی نے آج دوباک، حضورآباد اور مانا کنڈور اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس امیدواروں کی انتخابی ریالیوں سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ کے سی آر کیلئے چرلہ پلی جیل میں ڈبل بیڈ روم مکان تعمیر کیا جائے گا۔ کے سی آر کے علاوہ فرزند اور دختر کے قیام کے لئے بھی جیل میں مکان تعمیر ہوگا۔ کے سی آر اور اُن کے خاندان نے عوام سے جو ایک لاکھ کروڑ کی لوٹ کی ہے، اُسے حاصل کرتے ہوئے عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔ دوباک، حضورآباد اور مانا کنڈور کی ترقی کو نظرانداز کرنے کا مقامی ارکان اسمبلی پر الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ حلقہ جات کی ترقی کے لئے کانگریس حکومت خصوصی فنڈس مختص کرے گی۔ اُنھوں نے رگھونندن راؤ اور ایٹالہ راجندر پر تنقید کی اور کہاکہ بی آر ایس کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے باوجود وہ کے سی آر کے حق میں کام کررہے ہیں۔ بی جے پی اور بی آر ایس نے آپس میں مفاہمت کرلی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کے سی آر خود کو دبلا پتلا انسان قرار دیتے ہیں۔ دبلے آدمی کے لئے دو نوالے کھانا اور شراب کے دو پیگ کافی ہیں لیکن کے سی آر نے 10 ہزار ایکر اراضی ہضم کرلی ہے۔ ایک طرف ہریش راؤ تو دوسری طرف کے ٹی آر ہیں لیکن درمیان میں موجود دوباک کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں صرف کے سی آر اور بیٹے اور بھانجے کے حلقہ جات میں ترقی ہوئی ہے۔ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ میں اندراماں راج قائم ہوگا جس کے تحت 6 ضمانتوں پر عمل کیا جائے گا۔ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی خواتین آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرپائیں گے اور پکوان گیاس سیلنڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ لڑکی کی شادی پر ایک لاکھ روپئے اور ایک تولہ سونا حکومت کی جانب سے تحفہ دیا جائے گا۔ ہر گھر کو 200 یونٹ برقی مفت سربراہ کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ شکست کے خوف سے کے سی آر کانگریس کے خلاف الزام تراشیاں کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر موجودہ اسکیمات سے بہتر اسکیمات کا آغاز کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور کسانوں کو مفت برقی سربراہی کانگریس کی دین ہے جس پر آج کے سی آر اپنا دعویٰ پیش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس کی لہر سے کے سی آر خوفزدہ ہیں اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر الزام تراشی پر اُتر آئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ اسمبلی انتخابات تلنگانہ کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ ریاست میں زمینداروں کی آمرانہ حکومت کے بجائے اندراماں راج قائم ہوگا جس میں ہر طبقہ اور ہر علاقہ کی بھلائی ہوگی۔ کانگریس نے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ کاماریڈی اور گجویل دونوں اسمبلی حلقہ جات میں کے سی آر کو شکست ہوگی۔ کے سی آر اور اُن کے افراد خاندان نے ہزاروں ایکر پر فارم ہاؤز تعمیر کئے لیکن غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات سے محروم رکھا ہے۔