کے سی آر کی اسمبلی اجلاس سے دوری سیاسی حلقوں میں موضوع بحث

   

حکومت کے خلاف جدوجہد کا اعلان کرنے کے بعد دوبارہ گھر تک محدود، صرف ایک دن اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں صرف ایک دن شرکت کرتے ہوئے باقی ایام میں غیرحاضری کے ذریعہ سیاسی اور عوامی حلقوں میں موضوع بحث بن چکے ہیں۔ کے سی آر نے حکومت کی تبدیلی کے بعد سے منعقدہ دو اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ پہلا اجلاس نومنتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے تھا اور کے سی آر کولہے کی سرجری کے باعث آرام کررہے تھے۔ انہوں نے بعد میں اسپیکر پرساد کمار کے اجلاس پہنچ کر اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا تھا۔ فروری میں اسمبلی کا سیشن ہوا جس میں حکومت نے عبوری بجٹ پیش کیا تھا۔ اس اجلاس میں بھی کے سی آر شریک نہیں ہوئے۔ اسمبلی کے مکمل بجٹ اجلاس میں توقع کی جارہی تھی کہ قائد اپوزیشن بجٹ اجلاس میں شریک ہوکر حکومت کو عوامی مسائل پر گھیرنے کی کوشش کریں گے۔ کے سی آر نے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد بجٹ کی پیشکشی کے دن 25 جولائی کو اجلاس میں شرکت کی۔ بجٹ تقریر کے اختتام سے قبل وہ ایوان سے باہر چلے گئے۔ بعد میں کے سی آر دوبارہ خود کو گھر تک محدود کرچکے ہیں۔ اب جبکہ اسمبلی بجٹ سیشن کے تین دن باقی ہیں اس بات کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا کہ کے سی آر اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد کے سی آر نے کہا تھا کہ انہوں نے نئی حکومت کو چھ ماہ کی مہلت دی جو ختم ہوچکی ہے۔ وہ اب عوام کے درمیان جاکر حکومت کو بے نقاب کریں گے۔ حکومت کے خلاف جدوجہد کا اعلان کرنے کے بعد کے سی آر دوبارہ ایوان سے غیر حاضر ہوگئے۔ 1