سدی پیٹ سے پیدل سفر کرتے ہوئے سینکڑوں کارکن حیدرآباد پہونچے، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر راؤ کے انتخابی حلقہ گجویل سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین اور کارکنوں نے آج حیدرآباد میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر کے سی آر کو رکنیت سے نااہل قرار دینے کی اپیل کی۔ گجویل میں کانگریس کے قائد نرسا ریڈی کی قیادت میں سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکن سدی پیٹ سے حیدرآباد تک پدیاترا کی شکل میں پہونچے۔ اِس قدر طویل فاصلہ طے کرتے ہوئے سینکڑوں کارکن آج صبح چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہونچے۔ اُنھوں نے ریونت ریڈی کو مکتوب حوالہ کیا جس میں کے سی آر کی اسمبلی رکنیت کالعدم کرنے کی مانگ کی گئی۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے بعد سے کے سی آر عوام کے لئے دستیاب نہیں ہیں اور وہ فارم ہاؤز تک محدود ہوچکے ہیں۔ کانگریس کارکنوں نے سدی پیٹ سے حیدرآباد تک منفرد انداز میں پیدل سفر کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس کارکنوں سے ملاقات کی اور اُن کی شکایات کی سماعت کی۔ کانگریس کارکنوں نے کے سی آر کے فارم ہاؤز تک محدود ہوجانے اور اسمبلی اجلاس میں عدم شرکت پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ کے سی آر رائے دہندوں کے لئے دستیاب نہیں ہیں اور رکن اسمبلی کے کیمپ آفس میں بھی قدم نہیں رکھا۔ کانگریس کارکنوں نے راج بھون پہونچ کر گورنر جشنودیو ورما کو یادداشت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔1