کے سی آر کی اقتدار سے بیدخلی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا: راجندر

   

حیدرآباد ۔24۔ جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی اور الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر کے سی آر حکومت نے 25 ہزار کروڑ خرچ کئے ہیں جبکہ شراب سے حکومت کو آمدنی 45 ہزار کروڑ ہے۔ غریبوں میں شراب کی فروخت کے ذریعہ حکومت بھاری آمدنی حاصل کر رہی ہے ۔ انہوں نے محکمہ اکسائز کی آمدنی پر حکومت کو کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ راجندر نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے شراب نوشی کو عام کرتے ہوئے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کردیا ہے ۔ راجندر نے کہا کہ بی جے پی برسر اقتدار آنے پر ہر گھر میں دو افراد کو وظیفہ پیرانہ سالی منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات پر موثر عمل آوری کی جائے گی ۔ راجندر نے کرناٹک کے نتائج کے بعد بی جے پی کارکنوں میں جوش و خروش کی کمی کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کیڈر پرجوش ہے۔