کے سی آر کی انتخابی مہم کا چہارشنبہ کو آغاز، 17 روزہ مہم

   

16 لوک سبھا حلقوں کا احاطہ ، روڈ شو اور عام جلسے پروگرام میں شامل، حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا جائیگا

حیدرآباد۔/21 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے لوک سبھا چناؤ کے سلسلہ میں پارٹی کی انتخابی مہم کے شیڈول کو قطعیت دے دی ہے۔ 17 روزہ انتخابی مہم کے تحت کے سی آر بس یاترا کے ذریعہ 16 لوک سبھا حلقوں کا احاطہ کریں گے۔ انتخابی مہم کے دوران روڈ شو اور عام جلسوں سے خطاب شامل رہے گا۔ اسمبلی چناؤ میں بی آر ایس کی شکست کے بعد پارٹی قائدین اور کیڈرکے حوصلوں کو بلند کرنے کیلئے کے سی آر نے 17 روزہ انتخابی مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے قائدین کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ اسٹار کیمپینرس کی طرح روزانہ مختلف امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ کے سی آر کی انتخابی مہم کے شیڈول کا 24 اپریل کو آغاز ہوگا اور 10 مئی کو اختتام عمل میں آئے گا۔ 24 اپریل کو مریال گوڑہ میں روڈ شو سے انتخابی مہم کا آغاز ہوگا اور شام میں سوریا پیٹ میں کے سی آر روڈ شو سے خطاب کریں گے۔ کے سی آر کی انتخابی مہم کا نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے آغاز ہورہا ہے۔ 25 اپریل کو کے سی آر بھونگیر میں روڈ شو کریں گے اور شام میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ایراولی میں شب بسری کے بعد 26 اپریل کو کے سی آر محبوب نگر لوک سبھا حلقہ میں روڈ شو اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ 27 اپریل ناگرکرنول، 28 اپریل ورنگل، 29 اپریل کھمم، 30 اپریل کتہ گوڑم، یکم مئی محبوب آباد، 2 مئی جمی کنٹہ، 3 مئی راما گنڈم، 4 مئی منچریال اور کریم نگر، 5 مئی جگتیال، 6 مئی نظام آباد، 7 مئی کاماریڈی اور میدک، 8 مئی نرسا پور اور پٹن چیرو، 9 مئی کریم نگر اور 10 مئی کو سرسلہ اور سدی پیٹ میں روڈ شو اور عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ کے سی آر کی انتخابی مہم میں لوک سبھا حلقہ حیدرآباد شامل نہیں ہے جہاں ان کی قدیم حلیف پارٹی مقابلہ کررہی ہے۔ کے سی آر کے روڈ شو کی ہر ضلع میں تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق چیف منسٹر روڈ شو اور عام جلسوں میں تلنگانہ عوام سے وعدوں کا اعلان کریں گے۔ کے سی آر چار ماہ کی کانگریس حکومت کی کارکردگی بالخصوص انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کو انتخابی موضوع بنائیں گے۔1