کے سی آر کی اپیل پر بعض ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین ڈیوٹی پر رجوع

   

مکمل تحفظ کیلئے پولیس کا تیقن ، رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔ /3 نومبر (سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے پس منظر میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ہڑتالی ملازمین کو فوری ڈیوٹی پر رجوع بکار ہونے کی ہدایت پر بعض ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہوئے ہیں اور بعض نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ ڈیوٹی پر رجوع بکار ہونے کے نتیجہ میں ہونے یونین کی جانب سے نشانہ بنایا جائے گا ۔ اس سلسلے میں ریاستی پولیس عہدیداروں نے ہڑتالی ملازمین کو یہ بھروسہ دلایا ہے کہ وہ ڈیوٹی پر حاضر ہونے پر انہیں سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ ریاست کے تینوں کمشنران ، حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار ، کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مہیش مرلی دھر بھاگوت اور پولیس کمشنر سائبر آباد ایس سجنار کے علاوہ اضلاع کے کئی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کو ترک کرکے ڈیوٹی پر رجوع ہونے والے آر ٹی سی ملازمین کا مکمل تحفظ کیا جائے گا ۔ اسی طرح آر ٹی سی بس ڈپو اور بسیس کی سکیورٹی کیلئے مزید پولیس جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے ۔ آر ٹی سی یونین کی جانب سے ڈیوٹی پر رجوع ہونے والے ملازمین کو ہراسانی سے بچانے کیلئے ہر کوشش کی جائے گی اور یونین کے ارکان کی جانب سے ڈیوٹی پر رجوع ہونے والے ملازمین کو رکاوٹ پیدا کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے کہا کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ڈیوٹی پر رجوع ہونے والے آر ٹی سی ملازمین کسی رکاوٹ کی صورت میں 100 پر ڈائیل کرسکتے ہیں یا پھر سائبرآباد پولیس سے واٹس ایپ نمبر 9490617444 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔