کے سی آر کی بدعنوان حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں

   

کانگریس کو مضبوط و کامیاب بنانے کی اپیل، مکتھل اور آتماکور کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دیا جائے گا، ریونت ریڈی کا خطاب

مکتھل ۔ 7 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر پردیش کانگریس تلنگانہ ریونت ریڈی نے آج مکتھل میں ایک بڑے انتخابی جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسان اور کاشتکار کانگریس حکومت میں بی آر ایس حکومت سے زیادہ خوشحال رہیں گے اور رعیتو بندھو اسکیم کانگریس حکومت اس حکومت سے زیادہ دے گی۔ ریونت ریڈی نے حلقہ اسمبلی مکتھل کی پسماندگی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 18 سال سے رکن اسمبلی ہونے کے باوجود ترقیاتی کام زیرو ہیں۔ کانگریس امیدوار سری ہری کی کامیابی پر مکتھل اور آتماکور کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دیا جائے گا اور تمام سرکاری دفاتر کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ کورٹ اور ڈگری کالجس قائم کئے جائیں گے۔ریونت ریڈی نے کے سی آر کی بدعنوان حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی عوام سے پرزور اپیل کی۔ قبل ازیں سری ہری کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی مکتھل نے عوام کی کثیر تعداد کا استقبال کیا اور ریونت ریڈی کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کانگریس کو مضبوط و کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر سیتا دیاکر ریڈی، ناگراج گوڑ، پرشانت ریڈی، بالا کسٹا ریڈی، کولی چندرا شیکھر ریڈی، عبید اللہ کوتوال، گوپال ریڈی، وناجا انجنیلو گوڑ صدر ضلع پریشد نرائن پیٹ، ایم راما راؤ، چندرا کانت گوڑ، بی نرسمہلو، وینکٹیش، نور الدین، محمد فیاض، حسام الدین، عبدالرحمن، سالم چاؤش، شمس الدین منظور و دیگر موجود تھے۔