کے سی آر کی حیدرآباد میں غیر موجودگی پر سیاسی تنازعہ

   

ہائی کورٹ میں درخواست داخل، صحت کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی اپیل
حیدرآباد: حیدرآباد میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر گزشتہ 10 دن سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی شہر میں غیر موجودگی نے سیاسی تنازعہ کی شکل اختیار کرلی ہے ۔ کانگریس قائدین نے حکومت سے جاننا چاہا کہ چیف منسٹر کی صحت کیسی ہے، انہوں نے چیف منسٹر کی صحت کے بارے میں ہیلت بلیٹن جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ دوسری طرف سیاسی جہد کار نوین کمار نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور چیف منسٹر کے قیام کے بارے میں حکومت کو تفصیلات جاری کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کی ہے۔ جہد کار نے جو تلگو ٹی وی چیانل پر ایک مشہور شو کے اینکر ہیں نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ دس دن سے چیف منسٹر دکھائی نہیں دیئے ۔ چیف منسٹر کی صحت اور ان کے موجودہ قیام کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی ۔ چیف منسٹر آخری مرتبہ 28 جون کو پی وی نرسمہا راؤ کی جینتی تقاریب میں دیکھے گئے تھے درخواست گزار نے کہا کہ ریاست کے شہری کی حیثیت سے انہیں چیف منسٹرکے بارے میں فکر ہے۔ ریاستی نظم و نسق عوام کو چیف منسٹر کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے قاصر ہیں۔ ہائی کورٹ سے اپیل کی گئی کہ وہ حکومت کو ہدایت دیں کہ چیف منسٹر کے موجودہ پتہ کے بارے میں عوام کو واقف کرایا جائے ۔