کے سی آر کی خاندانی حکمرانی سے تلنگانہ کو نجات ضروری، رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کا بیان

   

حیدرآباد۔ 16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر تلنگانہ میں اپوزیشن کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ اپوزیشن کے بغیر خاندانی حکومت چلانا چاہتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی خاندانی حکمرانی سے تلنگانہ کو نجات ملنی چاہئے ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ جب تک تلنگانہ کے سی آر خاندان کی حکمرانی سے نجات نہیں پائے گا ، اس وقت تک حقیقی معنوں میں تلنگانہ کو آزادی نہیں ملے گی۔ تلنگانہ کا تیسرا یوم نجات اسی وقت منایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 100 کوروں پر پانڈوؤں نے کامیابی حاصل کی تھی، اسی طرح کانگریس نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کانگریس کو 10 سال کے بن باس پر بھیج دیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ راج گوپال ریڈی کے مطابق بھٹی وکرمارکا مہا بھارت کے کرشنوڈو ہیں جبکہ کومٹ ریڈی ارجن ، جگا ریڈی بھیم ، سریدھر بابو دھرما راجو ، ویریا سہادیو کے کردار کی طرح ہیں اور ہمارا واحد مقصد کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہے۔