کولہا پور کے دورہ کے موقع پر سیاسی صورتحال پر بات چیت، مخالف بی جے پی محاذ پر تجاویز طلب
حیدرآباد۔24۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہاراشٹرا کے کولہا پور دورہ کے موقع پر سابق گورنر اور مہاراشٹرا کے سینئر لیڈر ڈی وائی پاٹل سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سابق گورنر کے پوترے اور کانگریس کے رکن اسمبلی رتو راج بھی موجود تھے۔ کے سی آر نے دونوں قائدین کے ساتھ ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر کولہا پور میں واقع مشہور مندر میں خصوصی پوجا کیلئے گئے تھے۔ مختصر توقف کے دوران انہوں نے سابق گورنر ڈی وائی پاٹل اور کانگریس رکن اسمبلی سے ملاقات کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ملک میں بی جے پی کے متبادل کے طور پر سیکولر اور جمہوری طاقتوں کے اتحاد کے سلسلہ میں اپنی مساعی سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ اقتدار حاصل کر رہی ہے جبکہ عوامی مسائل کی یکسوئی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر نے بتایا کہ وہ عنقریب ہمخیال سیاسی قائدین اور مختلف شعبہ جات کے ماہرین کے ساتھ وسیع تر مشاورت کا آغاز کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے سابق گورنر ڈی وائی پاٹل سے اس بارے میں تجاویز طلب کی ۔ یہ پہلا موقع ہے جب کے سی آر نے کانگریس کے کسی قائد سے ملاقات کی ہو۔ مہاراشٹرا میں کانگریس رکن اسمبلی رتو راج سے سیاسی امور پر بات چیت کے بعد یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ کے سی آر مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری میں کانگریس سے تعاون حاصل کرسکتے ہیں۔ر