کے سی آر کی غلط پالیسیوں سے ریاست تلنگانہ مقروض

   

حضور نگر میں کانگریس کی انتخابی مہم ، ریونت ریڈی اور دیگر کا خطاب

سوریاپیٹ /18 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی کارگذار صدر پردیش کانگریس نے صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی رکن پارلیمنٹ کے ہمراہ حضور نگر اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں روڈ شو میں حصہ لیا ۔ ریونت ریڈی نے روڈ شو میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت اور وزیر اعلی کے سی آر کی خامیوں کو اجاگر کیا ۔ ریونت ریڈی نے جارحانہ انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کے سی آر ایک ناکام حکمران ہے ۔ حکومت کی اہلیت ہی نہیں رکھتے ۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر اور حکومت پر بدعنوانیوں کے الزامات عائد کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ میں مسائل کے انبار لگے ہیں ۔ نوجوان بے روزگاری سے پریشان ہیں کسان مسائل میں گھرے ہوئے ہیں لیکن کے سی ار اور وزراء سب کچھ ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان اور طلباء جنہوں نے کے سی آر کی تحریک کو جلابخشا تھا ۔ اپنی تعلیم اور وقت کو داؤ پر لگاتے ہوئے ساتھ دیا تھا ۔ آج کے سی آر ان کو فراموش کر دئے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حضور نگر حلقہ اسمبلی میں کانگریس شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریاست قرض کے بوجھ تلے دب گئی ہے ۔ ریاست کو قلاش بنادیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور نگر ضمنی انتخاب ریاست میں انقلاب کا ذریعہ بنے گا اور اس انتخاب کے بعد کے سی آر کی الٹی گنتی شروع ہوگی ۔ کانگریس کے سرکردہ قائدین بھٹی وکرامارک محمد علی شبیر ، ہنمنت راؤ ، شیخ عبداللہ سہیل صدر اقلیتی سیل کانگریس و دیگر قائدین نے مہم میں حصہ لیا اور عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کو ووٹ دے کر این پدماوتی ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔