نارائن پیٹ میں مختلف پروگراموں سے ریاستی وزیر محمد محمود علی ، امتیاز اسحاق اور دیگر کا خطاب
نارائن پیٹ۔/30 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے دس اضلاع کا شمار آندھراپردیش ریاست میں ہی نہیں بلکہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں کیا جاتا تھا۔ جسکا برملا اظہار ملک کے قومی سیاسی جماعتوں کے قائدین جب کبھی پارلیمنٹ یا پھر دہلی میں ملاقات کرتے تو کے چندرشیکھرراؤ صاحب کو کہتے کہ آپ ان پسماندہ اضلاع کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں جس کے قیام پر ترقی کا خیال بھی محال ہے ۔ مگر تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ کی قیادت میں تلنگانہ ریاست ترقی کے معاملے میں ملک کی سرفہرست ریاست کا درجہ رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے نارائن پیٹ میں مائناریٹی فینانس کارپوریشن کی جانب سے 250 سیلائی مشین کی تقسیم کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی، رکن پارلیمنٹ منے سرینواس ریڈی، مینارٹی فینانس کارپوریشن چیرمین امتیاز اسحاق و دیگر قائدین موجود تھے۔ قبل ازیں جناب محمد محمود علی نے نارائن پیٹ ایکو پارک کا افتتاح عمل میں لایا،اس کے علاوہ قبرستان باؤنڈری وال کی تعمیر اور عاشور خانہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں کے سی آر کی قیادت میں ترقی، امن اور خوشحالی ہے۔مسلمانوں میں تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ریسڈنشیل اسکول کا قیام اور اس کے تحت ابھی تک 2900 کروڈ کے بجٹ کی منظوری عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل نارائن پیٹ اور بھینسہ کا نام فسادات اور دنگوں کیلئے مشہور تھا لیکن رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی کے بدولت نارائن پیٹ میں سابقہ 9 سال میں کبھی فساد نہیں ہوا، اور اب امن کا گہوارہ بن گیا،اس لئے نارائن پیٹ عوام کو بھی چاہیئے کہ وہ رکن اسمبلی راجندر ریڈی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ جناب امتیاز اسحاق مائناریٹی فینانس کارپوریشن چیرمین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کی ترقی کیلئے کے بی آر ایس کی اسکیموں سے واقف کروایا۔رکن پارلیمنٹ منے سرینواس ریڈی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی صاحب سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ نارائن پیٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے جب کبھی ان تک کوئی درخواست کی گئی اس پر ہمیشہ جناب محمود علی کا ساتھ ملا ہے۔ آج نارائن پیٹ میں ڈائیلاسز سنٹر کا قیام، بچوں کا دواخانہ، ضلع دواخانہ، کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس موقع پر اجلاس میں محترمہ واناجا ضلع پریشد چیرمین، محترمہ جیوتی مارکٹ کمیٹی چیئرپرسن، محترمہ گندے انسویہ چندراکانت چیئر پرسن بلدیہ نارائن پیٹ، اماکولہ سرینواس ریڈی، محمد غوث ، امیرالدین ایڈوکیٹ ، عبدالسلیم ایڈوکیٹ ، تقی چاند، محمود انصاری ، محمد چاند، فیروز ودیگر بی آر ایس قائدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔