کے سی آر کی نظر اہم اضلاع میں کانگریس کی از سر نو طاقت پر مرکوز

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : امیدواروں کی فہرست کا اعلان کرنے کے بعد حکمراں جماعت بی آر ایس نے اس کی توجہ بعض خاص اضلاع کی جانب مبذول کی ہے جہاں اندرونی رپورٹس کے مطابق کانگریس کا موقف پھر بہتر ہوگیا ہے ۔ کانگریس کا مضبوط قلعہ سمجھے جانے والے اضلاع جیسے کھمم ، نلگنڈہ اور محبوب نگر گلابی پارٹی کے راڈر پر ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سابق اضلاع میں کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ ، بالخصوص ناراض بی آر ایس قائدین کے امیدواروں کی فہرست میں ان کے نام نہ آنے کے بعد کانگریس کی حمایت پر کارروائی کریں گے ۔ یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ کانگریسی کا اثر بڑھ رہا ہے ۔ کے سی آر نے مبینہ طور پر وزراء کو ہدایت دی کہ ان مخصوص اضلاع میں اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی کے استحکام کے لیے زیادہ کوشش کریں ۔ وزراء کا کام ان حلقوں میں پارٹی کو مستحکم کرنا ہے کیوں کہ نلگنڈہ ایم پی ، این اتم کمار ریڈی ان کی پارٹی کے کامیابی کے امکانات سے پرامید ہیں اور ان کے حلقہ لوک سبھا میں پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں جب کہ بھونگیر ایم پی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ان کے حلقہ میں کانگریس کے موقف کو بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں ۔ محبوب نگر میں صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی اہم قائدین کو پارٹی صفوں میں شامل کرنے کے لیے کافی وقت دے رہے ہیں ۔ اہم قائدین جیسے کوڑنگل کے سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی اور کولاپور سے جوپلی کرشنا راؤ کانگریس کے ساتھ ہوچکے ہیں ۔ کے دامودر ریڈی ایم ایل سی کے فرزند راجیش ناگر کرنول میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں ۔ جب کہ دیورکدرا یا مکتھل کے لیے کے سیتا دیاکر ریڈی کو پارٹی میں شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔۔