کے سی آر کی نظر صرف کرسی پر، محبوب نگر میں کارنر میٹنگ، بنڈی سنجے کا خطاب

   

محبوب نگر ۔ 19 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عنقریب ہونے والے اسمبلی انتخابات میں عوام ن ے اگر عجلت میں بی آر ایس اور کانگریس کو ووٹ دے کر کامیاب بنایا تو اندرون 6 ماہ وسط مدتی انتخابات یقینی ہیں۔ یہ پیش قیاسی بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے نے کی وہ محبوب نگر کے بی جے پی امیدوار متھن ریڈی کی انتخابی مہم میں مخاطب تھے۔ مستقر محبوب نگر پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی نظر صرف چیف منسٹر کی کرسی پر ہے لیکن عوام کی خدمت سے بے فکر ہیں۔ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کے نام پر لاکھوں کروڑ روپے عوام کا پیسہ ہڑپ لیا ہے۔ مرکزی حکومت نے غریب عوام کے لئے 2.40 لاکھ مکانات تعمیر کرکے حوالے کئے ہیں جبکہ تلنگانہ میں ڈبل بیڈ رومس کی انتہائی ناقص تعمیر اور پھر اس کو کمیشن پر فروخت کررہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران دریائے کرشنا کے پانی پر دونوں ریاستوں کے بیچ تنازعہ کھڑا کیا لیکن حصول تلنگانہ کے بعد خاموش ہوگئے۔ تلنگانہ ریاست کو 570 ٹی ایم سی پانی کا حق ہے لیکن آندھرائی حکمرانوں سے ساز باز کرکے 299 ٹی ایم سی پر رضا مند ہوگئے اور معاہدہ پر دستخط بھی کردیئے۔ اگر میں جھوٹ بول رہا ہوں تو آپ اس کو چیالنج کرسکتے ہیں۔ ریاست میں مستحکم حکومت اور ترقی بی جے پی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے متھن ریڈی کا تعارف عوام سے کروایا اور کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر مملکتی وزیر بھگونت کہا۔ ریاستی ترجمان ویریندر گوڑ، سابق ایم پی اے پی جتیندر ریڈی، ضلع صدر ویر برہمچاری و دیگر موجود تھے۔