آئی پی ایس کی نئی جائیدادیں منظور کرنے کی یادداشت
حیدرآباد ۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر نے دورہ دہلی کے دوران آج مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اضلاع کی تنظیم جدید کی گئی، جس سے نئے اضلاع، نئے زونس، نئے ملٹی زونس قائم ہوئے جس کے مطابق محکمہ پولیس میں بھی تبدیلیاں لائی گئی ہیں لہٰذا تلنگانہ میں آئی پی ایس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے امیت شاہ کو بتایا کہ محکمہ پولیس میں تبدیلیوں سے سینئر ڈیوٹی جائیدادوں کی تعداد 75 سے بڑھ کر 105 تک پہنچ گئی ہے۔ ساتھ ہی آئی پی ایس کیڈر جائیدادوں کی تعداد بھی بڑھ کر 139 سے 195 تک پہنچ گئی ہے۔ وزیرداخلہ کو پیش کردہ یادداشت میں چیف منسٹر نے اس پر توجہ دلائی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پولیس نظام کو مؤثر و مستحکم بنانے کے ساتھ ہی نظم و نسق کو بہتر اور جوابدہ بنانے کیلئے آئی پی ایس کی تعداد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو تیقن دیا کہ وہ ان کی یادداشت پر ہمدردانہ غور کریں گے۔ تلنگانہ حکومت کی تجویز پر خصوصی غور کرتے ہوئے اس کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے اپنی یادداشت میں 29 نئے سینئر ڈیوٹی پوسٹس کے علاوہ جملہ 195 آئی پی ایس جائیدادیں منظور کرنے کا یادداشت کے ذریعہ مطالبہ کیا۔ N