کے سی آر کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات

,

   

سیلاب متاثرین کیلئے امداد طلب ، مختلف امورپر تبادلہ خیال
حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ حیدرآباد کے سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے علاوہ جی ایس ٹی بقایا جات تقسیم ریاست کے مسائل و دیگر امور پر بات چیت کی ۔ سہ روزہ دورے پر دہلی گئے چیف منسٹر کے سی آر نے آج شام وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ دونوں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہو ۔ کورونا ویکسین کی تیاری پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے حیدرآباد کے سیلاب متاثرین اور بارش سے اضلاع میں فصلوں کو نقصانات سے وزیراعظم کو واقف کروایا اور راحت کاری کیلئے مالی امداد کرنے کی اپیل کی ۔ تقسیم ریاست کے زیر التواء مسائل کو فوری حل کرنے کے ساتھ ہی جی ایس ٹی بقایا جات کے ساتھ ایف آر بی ایم کی حد میں اضافہ کرنے کی بھی نمائندگی کی ۔ تلنگانہ میں 6 نئے ڈومیسٹک ایرپورٹس قائم کرنے کے مطالبہ کو دوبارہ دہرایا ۔ وزیراعظم مودی نے تمام مسائل پر ہمدردی سے غور کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر کو تیقن دیا ۔ سہ روزہ دہلی کے دورے پر روانہ ہونے والے چیف منسٹر نے کل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے قبل چیف منسٹر نے آج مرکزی وزیر شہری ہوا بازی ہردیپ سنگھ پوری سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں 6 نئے ڈومیسٹک ایرپورٹس کے قیام کیلئے یادداشت پیش کی اور دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی آفس قائم کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ 13 دسمبر کو امکان ہے کہ چیف منسٹر مزید مرکزی وزراء سے ملاقات کے علاوہ دہلی میں پارٹی آفس کیلئے مختص اراضی کا معائنہ کریں گے ۔