قومی و علاقائی مسائل پرتبادلہ خیال، بی جے پی سے مقابلہ کی حکمت عملی کا جائزہ
حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج شام چینائی میں ٹاملناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر ان دنوں اپنے افراد خاندان کے ساتھ ٹاملناڈو کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کل سری رنگم میں واقع سری رنگناتھ سوامی مندر میں خصوصی پوجا کی تھی۔ رات میں چینائی میں قیام کے بعد کے سی آر نے آج چیف منسٹر ایم کے اسٹالن سے اپنے افراد خاندان کے ساتھ ملاقات کی۔ ابتداء میں کچھ دیر تک ایم کے اسٹالن اور چیف منسٹر کے افراد خاندان ایک ساتھ رہے بعد میں دونوں چیف منسٹرس نے علحدگی میں بات چیت کی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ان کی شریک حیات کے شوبھا، فرزند کے ٹی آر کے علاوہ سنتوش کمار ایم پی اور دیگر رشتہ دار موجود تھے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق دونوں چیف منسٹرس نے قومی اور علاقائی سطح پر سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملک میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیسرے متبادل کے قیام کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے تجویز پیش کی۔ ذرائع کے مطابق ایم کے اسٹالن نے موجودہ صورتحال اور بی جے پی سے مقابلہ کیلئے آئندہ کی حکمت عملی پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ڈی ایم کے مرکز میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے کا حصہ ہے اور کے سی آر بی جے پی اور کانگریس کے بغیر تیسرے محاذ کے قیام کے حق میں ہیں۔ سابق میں بھی ایم کے اسٹالن سے کے سی آر کی ملاقات ہوچکی ہے تاہم اس وقت ڈی ایم کے ٹاملناڈو میں اپوزیشن میں تھی۔ ڈی ایم کے اقتدار کے بعد کے سی آر کی اسٹالن سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ ملاقات کے بارے میں دونوں جانب سے سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ عام طور پر کے سی آر کے دفتر سے اس طرح کے مواقع پر پریس نوٹ جاری کیا جاتا ہے لیکن چیف منسٹر دفتر کے عہدیداروں نے کہا کہ اسٹالن سے ملاقات کے بارے میں کوئی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تیسرے محاذ کے مسئلہ پر اسٹالن نے اپنے موقف کا پارٹی میں مشاورت کے بعد اظہار کرنے کا یقین دلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ چینائی میں کے سی آر نے متحدہ آندھرا پردیش کے سابق گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے بھی ملاقات کی۔ ر