حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) سنگاپور کے منسٹر انچارج تجارتی تعلقات ایس اسوارن نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو ان کے دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ سنگاپور اور تلنگانہ کے درمیان معاشی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ کے سی آر کی قیادت میں یہ تعلقات مزید اونچائی تک پہونچیں گے۔ سنگاپور کی کمپنیوں نے بھی تلنگانہ کے حق میں سرمایہ کاری کے مواقع کو تسلیم کیا ہے۔ چیف منسٹر کے آفس سے جاری کردہ ایک بیان میں سنگاپور کے وزیر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے چیف منسٹر کو مبارکبادی کا مکتوب روانہ کیا ہے اور لکھا ہے کہ کے سی آر کے دور میں ڈیولپمنٹ بینک آف سنگاپور نے حیدرآباد میں اپنا سب سے بڑا ٹیکنالوجی ہب قائم کیا ہے اور اس ریاست کے اندر دیگر تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے۔ سنگاپور اور تلنگانہ کے درمیان معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ تلنگانہ کی معاشی ترقی میں سنگاپور کی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے چندر شیکھر راؤ کی چیف منسٹر کی حیثیت سے دوبارہ اقتدار پر آنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔