کے سی آر کی کامیابی پر کاماریڈی میں اراضی کی قیمتیں بڑھ جائیں گی

   

کانگریس اور بی جے پی پر تنقید، چیف منسٹر کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کی اپیل، انتخابی جلسہ سے کے ٹی آر کا خطاب
کاماریڈی ۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج کاماریڈی اسمبلی حلقہ میں انتخابی جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کاماریڈی سے انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کی دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوگئی ہیں اور کاماریڈی سے راہ فرار اختیار کرلیا ہے ۔ کے ٹی راما رائو نے کہا کہ ریونت ریڈی کو کوڑنگل میں نریندر ریڈی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی ایسا شخص کاماریڈی میں کس طرح کامیابی حاصل کریگا یہاں ان کی ضمانت ضبط ہوجائے گی ۔ کے ٹی راما رائو کاماریڈی ، ماچہ ریڈی منڈل میں علیحد ہ علیحدہ طور پر جلسہ عام سے مخاطب کیا اور کہا کہ کاماریڈی سے کے سی آر کی کامیابی کے بعد گجویل کی ترقی کی طرح کاماریڈی میں ایک مثالی ترقی انجام دیا جائیگا۔ گجویل میں ایک اسپیشل آفیسر کو مقرر کیا گیا ہے اور یہ اسپیشل آفیسر چیف منسٹر ، چیف سکریٹری اور کلکٹرسے راست طور پر بات کرتے ہوئے عوام کی شکایتوں کو دور کرنے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کریں گے اسی طرح کاماریڈی میں بھی چیف منسٹر کی کامیابی کے بعد ایک اسپیشل آفیسر کو مقرر کیا جائیگا اور یہاں کے مقامی رکن اسمبلی اور میں عوام کے درمیان ہمیشہ دستیاب رہونگا۔ کے ٹی راما رائو نے اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے کاماریڈی کے قیمتی اراضیات کو خریدو فروخت کیلئے یہاں آنے کے الزام کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی کاماریڈی سے کامیابی کے بعد یہاں کی اراضیات کی قیمتوں میں بے حد اضافہ ہوجائیگا لہذا اپنی اراضیات کو فروخت نہ کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی کے ماسٹر پلان کو بھی رد کردیا گیا ہے اور آئندہ حکومت کے قیام کے بعد یہاں کی ترقی کو مثالی طور پر انجام دیا جائیگا کے سی آر کا تعلق دومکنڈہ منڈل کے بی بی پیٹ کے کونا پور سے ہے، کے سی آر کے والد کے اراضیات اپر مانیر کی تعمیر میں متاثر ہوئے تھے جس کی وجہ سے کے سی آر کا خاندان سدی پیٹ منتقل ہوگیا تھا اور یہاں سے مقابلہ کررہے ہیں لہذا انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی کامیابی کے بعد سڑکوں کی تعمیر بھی بڑے پیمانے پر انجام دی جائے گی کاماریڈی تا یلاریڈی ، کاماریڈی سے سرسلہ ، کاماریڈی سے میدک ، راما ئم پیٹ کے اطراف و اکناف کی سڑکیں بھی تعمیر کی جائے گی ۔ انہوں نے سرکاری اسکیمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سفید راشن کارڈ یافتہ افراد کو انشورنس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ مودی نے اقتدار میں آنے سے قبل گیس کی قیمت میں کمی واقع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس سے انحراف کرلیا ۔ اب کے سی آر 400 روپئے میں گیس سلنڈر فراہم کریں گے کے ٹی راما رائو نے اُردو میں تقریر کرتے ہوئے مسلمانوں سے خواہش کی کہ کے سی آر کی حکومت میں اقلیتی بہبود کے ساتھ ساتھ امن و امان کی برقراری کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اور کاماریڈی میں مثالی ترقی دی جائے گی ۔ کے ٹی راما رائو نے کہا کہ آبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے اور ہر گھر کو گوداوری کا پانی فراہم کرتے ہوئے پینے کا پانی اور آبی سہولتوں کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کاماریڈی کیلئے میڈیکل کالج کے علاوہ دیگر سہولتیں بھی فراہم کی ہے 9 ؍ نومبر کے روز پرچہ نامزدگی داخل کررہے ہیں لہذا بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ارکان بلدیہ ، وارڈ کے صدور، عوام کو کامیاب کی خواہش کی ۔ اس موقع پر بی جے پی سے وابستہ وینو گوپال رائو بی جے پی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے بی آرایس میں شمولیت اختیار کرنے پر کے ٹی راما رائو نے انہیں کھنڈوا پہنا کر ان کا استقبال کیا ۔