کے سی آر کی 17 فروری کو 66 ویں سالگرہ

   

ہر شخص سے شجرکاری مہم میں حصہ لینے کے ٹی آر کی اپیل
حیدرآباد ۔10۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی 66 ویں سالگرہ 17 فروری کو منائی جائے گی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹر پر عوام اور پارٹی قائدین و کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 17 فروری کو چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر کم سے کم ایک پودا لگائیں ۔ چیف منسٹر کو ہریتاہارم پروگرام میں خصوصی دلچسپی ہے ، لہذا ہر کسی کو کم از کم ایک پودا لگانا چاہئے ۔ ٹوئیٹر پر پیام کے علاوہ کے ٹی آر نے علحدہ اپیل جاری کرتے ہوئے عہدیداروں اور ضلع کلکٹرس سے بھی شجد کاری میں حصہ لینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سر سبز و شاداب ماحول اور ماحولیاتی آلودگی کے تحفظ کے لئے بڑے پیمانہ پر شجرکاری پروگرام شروع کیا ہے جو ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہر کسی کو اس موقع پر شجر کاری میں حصہ لیتے ہوئے کم از کم ایک پودہ لگانا چاہئے ۔ کے ٹی آر نے صنعتوں اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے اداروں سے شجرکاری پروگرام منعقد کرنے کی اپیل کی ۔ ٹی آر ایس قائدین اور کار کنوں کو شجرکاری میں حصہ لیتے ہوئے پارٹی صدر اور چیف منسٹر کی سالگرہ تقاریب منانی چاہئے ۔