کے سی آر کی 9 سالہ حکمرانی میں اقلیتوں کے تمام طبقات سے دھوکہ دہی

   

ایک لاکھ کی امدادی اسکیم سیاسی فائدے کیلئے ، محمد علی شبیر کا الزام

حیدرآباد: 31 جولائی (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر کی 9 سالہ حکمرانی سے عاجز آچکے ہیں اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ کاماریڈی اسمبلی حلقہ میں مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد نوجوان قائدین نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ گزشتہ چند دنوں میں بی آر ایس اور بی جے پی کے مقامی عوامی نمائندوں کے علاوہ بی ایس پی اور دیگر پارٹیوں کے قائدین نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ریاست بھر میں کانگریس کے حق میں عوامی لہر پائی جاتی ہے۔ انہوں نے نوجوان قائدین کو کانگریس کا کھنڈوا پہناکر کانگریس میں شامل کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ آئندہ 100 دنوں میں ریاست میں کانگریس حکومت تشکیل پائے گی اور ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تمام طبقات کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ گزشتہ دو مرتبہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اقلیتوں کیلئے ایک لاکھ روپئے کی امدادی اسکیم انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کا سیاسی حربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2.5 لاکھ سے زائد درخواستیں زیر التوا ہیں اور 10 ہزار بی آر ایس کارکنوں کو ایک لاکھ روپئے کی مدد کرتے ہوئے انتخابات کیلئے متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ روپئے کی امدادی اسکیم کو سیاسی اغراض کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور دیگر اقلیتی طبقات کے سی آر حکومت کی دھوکہ دہی سے باخبر ہیں اور وہ آئندہ انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔