کے سی آر اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے، صدرنشین تلنگانہ فوڈس کارپوریشن ایم اے فہیم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔یکم ۔ مئی ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ فوڈس کارپوریشن کے صدرنشین ایم اے فہیم نے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے والے ’’ بچوں‘‘ کی فہرست پیش کریں تاکہ انہیں بچوں کی غذائیں اور ضروری ڈائپر سربراہ کیا جائے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم نے کہا کہ ورنگل جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا تھا کہ انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کی ضرورت نہیں ہے وہ تو ان کے بچے سنبھال لیں گے۔ صدر نشین تلنگانہ فوڈس نے کہا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں آپ کے بچے کے ٹی آر، ہریش راؤ کے علاوہ اور بھی کوئی شرکت کررہے ہیں تو ان کی تفصیلات جاری کی جائیں تاکہ انہیں بوسٹ ، ہارلکس، سیرلک کے علاوہ ڈائپر دیا جاسکے۔ ایم اے فہیم نے کہا کہ صدرنشین کے طور پر وہ بچوں کی غذا بی آر ایس کے بچوں میں تقسیم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں چیف منسٹر کا سامنا ہوتے ہی اور چیف منسٹر کی تقریر سے بی آر ایس کے بچوں کو ڈائپر کی ضرورت محسوس ہورہی ہے۔ ایم اے فہیم نے کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اقتدار کے بغیر 15 ماہ کے سی آر کیلئے بوجھ بن چکے ہیں، کے سی آر اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کانگریس حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں۔ ایم اے فہیم نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت سے بہتر کانگریس نے 15 ماہ میں عوام کیلئے خدمت انجام دی ہے۔ انہوں نے گذشتہ دو اسمبلی انتخابات کے موقع پر بی آر ایس کے انتخابی منشور کے حوالے سے عدم تکمیل وعدوں کی تفصیلات پیش کی۔ ایم اے فہیم نے کہا کہ مسلمانوں اور درج فہرست قبائل کو تحفظات میں اضافہ کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس کی تکمیل نہیں ہوئی۔ تلنگانہ میں دلت چیف منسٹر اور کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ ایم اے فہیم نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر تنقیدوں کے بجائے ریاست کی ترقی کیلئے تعمیری تجاویز پیش کریں۔1