کے سی آر کے اعلانات پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا کانگریس کے کومٹ ریڈی برادرس کا ردعمل

   

حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) کومٹ ریڈی برادرس نے تقررات سے متعلق چیف منسٹر کے اعلان کو مایوس کن قرار دیا۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رات بھر انتظار کرتے ہوئے انہوں نے اسمبلی میں چیف منسٹر کا بیان دیکھا جس سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 انتخابات سے قبل بے روزگاری الاؤنس کا جو وعدہ کیا گیا تھا اس کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ حضورآباد ضمنی چناؤ کے موقع پر کے سی آر نے تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا تھا لیکن نتیجہ کے بعد وعدہ کو بھلادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بسوال کمیٹی نے ایک لاکھ 91 ہزار مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی تھی۔ وینکٹ ریڈی نے معاشی صورتحال کی ابتری کے باعث مہنگائی الاؤنس ادا نہ کرنے پر عوام سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے کے سی آر نے تقررات کا اعلان کیا ہے۔ رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے اعلان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ کے سی آر نے سابق میں کئے گئے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے۔ر