کے سی آر کے بااعتماد راجیشور ریڈی کے فرزند کے مظالم

   

اراضیات پر قبضہ کا ویلفیر اسوسی ایشن نے الزام لگایا
حیدرآباد۔/3 ستمبر‘( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بااعتماد سمجھے جانے والے رکن کونسل پی راجیشور ریڈی جنگاؤں اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں لیکن ان کے فرزند کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف عوام نے آواز بلند کرتے ہوئے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ پی راجیشور ریڈی کے فرزند پر غریبوں اور متوسط طبقات کی اراضیات پر ناجائز قبضہ کا الزام ہے۔ سری سائی بابا نگر کالونی ویلفیر اسوسی ایشن نے چیف منسٹر کے سی آر سے اپیل کی ہے کہ راجیشور ریڈی کے فرزند انوراگ کے خلاف کارروائی کریں جو غریبوں کیلئے مسائل پیدا کررہے ہیں۔ اسوسی ایشن کے صدر بی وینکٹیشورلو اور دیگر عہدیداروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انوراگ کی کارستانیوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ بی بی نگر منڈل کے نیماروگوملا دیہات میں سروے نمبر 154,155 اور 157 کے تحت 16ایکر اراضی کو جی پی اے ہولڈر محمد قضا نے لے آؤٹ کے ذریعہ فروخت کیا تھا۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مکانات کی اراضی 200 مربع گز پر مشتمل ہے اور انوراگ کی جانب سے اپنے نام پر رجسٹریشن کرائے جانے سے قبل کئی نام تبدیل ہوئے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ اراضی کیلئے 4 کروڑ روپئے بطور قرض حاصل کیا گیا۔