زیر آب ڈبل بیڈروم مکانات چیف منسٹر کی بدعنوانی کی جیتی جاگتی مثال ، پانی میں ٹھہر کر احتجاج
کاماریڈی :7؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حالیہ بارش سے کاماریڈی حلقہ کے بھکنور منڈل کے موضع رامیشور پلی میں تالاب کے دامن میں تعمیر کردہ ڈبل بیڈ رومس میں پانی داخل ہونے کی اطلاع پر محمد علی شبیر نے آج بوٹ کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کے ہمراہ ڈبل بیڈ رومس کا معائنہ کیا اور عوام سے ملاقات کی ۔ ڈبل بیڈروم کی انتہائی ناقص تعمیر پر شدید احتجاج کیا محمد علی شبیر نے پانی میں ٹھہر کر دھرنا دیا اور کہا کہ کے سی آر کی بدعنوانیاں اور دھاندلیوں کی ڈبل بیڈ رومس جیتی جاگتی مثال ہے کاماریڈی اسمبلی حلقہ کے بھکنور منڈل کے موضع رامیشور پلی میں تعمیر کئے گئے ڈبل بیڈرومس میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے یہاں پر موجودہ افراد کو انتہائی مشکلات سے گذرنا پڑرہا ہے اس بات کی اطلاع پر محمد علی شبیر نے بوٹ کے ذریعہ پانی میں پیدل چلتے ہوئے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کی ۔ محمد علی شبیر نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرگتی بھون کی تعمیر کیلئے 1500 کروڑ روپئے ، سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے 15 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے اور عوام کی رہائش گاہ پانی میں تعمیر کی گئی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ قبل از بھی کاماریڈی کے ٹیکریال میں تعمیر کردہ غیر معیاری ڈبل بیڈروم سے متعلق میڈیا کو واقف کروایا گیا تھا اور رامیشور پلی میں غیر معیاری تعمیر کے ساتھ ساتھ مکانوں کو تالاب کے دامن میں تعمیر کیا گیا اور پانی مکان میں داخل ہوگیا ۔ کے سی آر کا خاندان دھاندلیوں میں ملوث ہے ۔ اور ہر محاذ پر حکومت ناکام ہوچکی ہے اور کے سی آر کو تلنگانہ کی حکومت سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کے سی آر کے خاندان کودھاندلیوں پر کے سی آر کو جیل جانے کا وقت آچکا ہے ۔ کے سی آر کی نظر کاماریڈی کی کی قیمتی اراضیات پر پڑی ہے جس کی وجہ سے کاماریڈی سے مقابلہ کا اعلان کیا ہے ۔کے سی آر کو بلامقابلہ کامیاب بنانے کی قرار داد منظور کرانے والے پنچایت سکریٹریز اور قراردادوں کیخلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ۔ لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ اگر ان کیخلاف کارروائی نہیں کی گئی تو ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ متفقہ طور پر یہ قرارداد کی کاپی آرٹی اے کے ذریعہ حاصل کی جائے گی ۔ کاماریڈی کی عوام باشعور ہے اور بی آرایس حکومت اور قائدین سے اچھی طرح واقع ہے اور حکومت کے خلاف کانگریس پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی ۔اس موقع پر بھکنور منڈل کانگریس قائدین کے علاوہ عوام کی کثیرتعداد موجود تھی ۔