کے سی آر کے خلاف آج سے کانگریس کا ریاست گیر ایجی ٹیشن

   

ہر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر، پیر کو پارلیمنٹ میں احتجاج، ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے دستور سے متعلق چیف منسٹر کے سی آر کے بیان کے خلاف کل سے ریاست گیر سطح پر ایجی ٹیشن کا اعلان کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ کل 5 فروری کو تمام اضلاع کے ہر پولیس اسٹیشن میں کے سی آر اور ٹی آر ایس قائدین کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی ۔ 6 فروری سے ریاست میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسموں کو دودھ سے نہلایا جائے گا اور خصوصی پوجا کا اہتمام ہوگا۔ پیر کے دن پارلیمنٹ اور اس کے باہر کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کے سی آر کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے آج گاندھی بھون میں 48 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال میں شریک قائدین کو شربت پیش کرتے ہوئے ہڑتال ختم کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر دونوں دستور کو بدلنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلہ میں کے سی آر نے دستور کو بدلنے کی مانگ کی ہے۔ ان کا یہ بیان بی جے پی کے اشارہ پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے اشارہ پر کے سی آر بیان بازی کے ذریعہ بی جے پی کے خفیہ ایجنڈہ پر عمل آوری کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دستور سے متعلق کے سی آر کے بیان کو ہرگز نظرانداز نہیں کیاجاسکتا کیونکہ یہ وزیراعظم نریندر مودی کی تیار کردہ سازش کا حصہ ہے۔ ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں ہفتہ کے دن کانگریس کی تمام محاذی تنظیموں یوتھ کانگریس اور ایس سی ، ایس ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہر پولیس اسٹیشن میں کے سی آر کے خلاف شکایت درج کرائی جائے گی ۔ کانگریس کیڈر مہیلا قائدین کی قیادت میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسموں کو دودھ سے نہلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر ایک روزہ دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں کے سی آر کے خلاف گزشتہ دو دن سے احتجاج جاری ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور نارتھ کوریا کے کن جانگ ان کی طرح نریندر مودی بھی ہمیشہ اقتدار میں رہنے کیلئے دستور کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے معذرت خواہی کے بجائے ٹی آر ایس قائدین کے سی آر کی مکمل تائید کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، ورکنگ پریسیڈنٹ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، سابق وزیر محمد علی شبیر ، انجن کمار یادو ، بلرام نائک اور وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بھٹی وکرمارکا ، وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، جانا ریڈی ، سمپت کمار ، چنا ریڈی ، ومشی چند ریڈی اور دیگر قائدین پارٹی کے احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دیں گے۔ ر