حیدرآباد ۔ 10۔ مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس پر وضاحت طلب کی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے جنرل سکریٹری بی آر ایس ایم سرینواس ریڈی کی شکایت پر نوٹس جاری کی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بی آر ایس جنرل سکریٹری نے شکایت کی ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف شخصی اور انتہائی اہانت آمیز ریمارکس کئے ہیں۔ ریونت ریڈی تلنگانہ کی انتخابی مہم میں اسٹار کیمپینر ہیں۔ الیکشن کمیشن نے شکایت کی ایک کاپی پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن کے حوالے کی اور اندرون 48 گھنٹے جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب داخل نہ کرنے پر الیکشن کمیشن ضروری کارروائی کرے گا۔ جی نرنجن پردیش کانگریس کمیٹی کی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین ہیں۔ چیف منسٹر کی جانب سے انہیں جواب داخل کرنا ہوگا۔ 1